ملک بھر میں یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے

03-23-2024

(لاہور نیوز) یوم پاکستان آج قومی جوش و جذبے، ملی حمیت اور شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے۔

مارچ کو پوری قوم یوم پاکستان کے طور پر روایتی جوش و جذبے کیساتھ مناتی ہے، یوم پاکستان کے موقع پر آج ملک میں عام تعطیل ہے۔ یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا، مساجد میں وطن عزیز کی سالمیت اور ترقی وخوشحالی کی دعائیں کی گئیں۔ توپوں کی سلامی دینے کی تقریب میں موجود پاک فوج کے جوانوں نے نعرہ تکبیر بلند کیا، فضا اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، جوانوں اور افسران کی جانب سے ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی طور پر دعائیں بھی کی گئیں۔ یوم پاکستان پر اسلام آباد میں مسلح افواج کی روایتی پریڈ اور فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا، مسلح افواج کے جوانوں نے مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا، چین اور برادر ملک آذربائیجان کے خصوصی دستے بھی پریڈ میں شامل ہیں۔ پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری ہیں جبکہ سعودی عرب کے وزیر دفاع سمیت غیر ملکی مہمان بھی شریک ہیں، تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت سروسز چیف، وفاقی وزراء، ارکان اسمبلی اور غیر ملکی سفرا بھی موجود ہیں۔ یوم پاکستان کیا ہے؟ واضح رہے کہ یوم پاکستان 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا۔ یہ قرارداد لاہور کے منٹو پارک میں پیش کی گئی تھی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔