لاہور پولیس کی پتنگ بازوں کے خلاف کارروائیاں، 595 ملزمان گرفتار
03-22-2024
(لاہور نیوز) لاہور پولیس کا شہر بھر میں پتنگ بازی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
گزشتہ ایک ہفتے میں پتنگ بازوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 537 مقدمات درج، 595 ملزمان گرفتار کر لئے گئے، ملزمان کے قبضہ سے 10 ہزار 09 سو سے زائد پتنگیں اور 397 چرخیاں برآمد ہوئیں، سٹی ڈویژن میں پتنگ بازی کے 171 ملزمان، کینٹ میں 114، سول لائنز میں 36، صدر میں 102، اقبال ٹاؤن میں 80 اور ماڈل ٹاؤن میں 92 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے قاتل ڈور اور پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا پتنگ سازی کے آن لائن کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں عمل میں لائی جائیں، کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت پتنگ بازی کے خونی کھیل، کاروبار میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔