ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا:وزیر اعظم
03-22-2024
(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے بیرک گولڈ کمپنی کے وفد نے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک برسٹوو کی سربراہی میں ملاقات کی، وفد نے ملاقات کے دوران ریکوڈک منصوبہ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، اس منصوبے سے صوبے کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے مواصلات کے انفراسٹرکچر، خصوصاً ریلوے لائن کے حوالے سے منصوبہ سازی کی جائے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں معدنیات کے دیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری ، ضلع چاغی میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے حکومت اور بیرک گولڈ مل کر کام کر سکتے ہیں۔ شہباز شریف نے وفد کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے جن میں سڑکوں اور مواصلات کے بہتر نظام کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ وفد کا کہنا تھا کہ ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے کے لئے مقامی اور بلوچستان ڈومیسائل کے افراد کو ترجیح دی جا رہی ہے، بیرک گولڈ کی جانب سے اب تک سو افراد کو فنی تربیت فراہم کی جا چکی ہے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔