شہریوں کو سستی اور معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی ترجیح ہے: عظمیٰ بخاری
03-22-2024
(لاہور نیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ شہریوں کو سستی اور معیاری اشیائے خورونوش فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل پنجاب حکومت نے پرائس کنٹرول کا پروگرام شروع کیا تھا، پرائس کنٹرول پروگرام پر کامیابی سے عمل درآمد ہو رہا ہے، لوگ خود بتارہے ہیں پنجاب میں پہلی بار رمضان میں چیزیں سستی فروخت ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کا کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے، اوپن مارکیٹ میں ابھی بھی کچھ شکایات موصول ہورہی ہیں ان کو ہر ممکنہ طور پر حل کیا جارہا ہے،شہریوں کو سستی اور معیاری اشیائے خورونوش فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ رمضان بازاروں میں سستی اور اعلیٰ معیار کی اشیاء کی فروخت جاری ہے، تمام دکاندار ریٹ لسٹ آویزاں کریں، جو دکاندار اشیائے خورونوش کی ریٹ لسٹ آویزاں نہیں کرے گا اس کو معافی نہیں ملے گی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت جلد پرائس کنٹرول کا ایک مکمل میکنزم بنا رہی ہے، پرائس کنٹرول کا شعبہ پہلے غیر فعال تھا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ذاتی دلچسپی سے پرائس کنٹرول کے شعبے کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب پنجاب میں کسی کی ذاتی من مانی نہیں چلے گی، مارکیٹ میں اشیائے خورونوش کا وہی ریٹ ہوگا جو انتظامیہ طے کرے گی، اس پر سختی سے عملدرآمد بھی کروایا جا رہا ہے، ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔