بالاج ٹیپو قتل کیس میں پیشرفت، ملزم احسن شاہ کے گھر سے لاکھوں روپے برآمد
03-22-2024
(لاہور نیوز) امیربالاج ٹیپو قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی، پولیس نے زیر حراست ملزم احسن شاہ کے گھر سے لاکھوں روپے کی رقم برآمد کر لی۔
امیر بالاج ٹیپو قتل کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ زیر حراست ملزم احسن شاہ کے گھر چھاپہ مارا۔ احسن شاہ نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا تھا کہ طیفی بٹ سے بالاج ٹیپو کی مخبری کرنے کے عوض 50 لاکھ روپے وصول کئے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے چھاپے کے دوران گھر سے 25لاکھ روپے برآمد کر لئے،ملزم احسن شاہ کی نشاندہی پر پولیس نے راوی روڈ سے ایک اور مبینہ ملزم کو حراست میں لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق احسن شاہ سے تفتیش کے دوران مزید انکشافات سامنے آئے ہیں، احسن شاہ قابل اعتراض ویڈیو بنا کر لڑکیوں کو بلیک میل کرتا تھا، ملزم کے موبائل میں مختلف لڑکیوں کے ساتھ 100 سے زیادہ قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوزموجود تھیں۔ ذرائع نے بتایا ہے احسن شاہ کی مرکزی ملزم بلاول ،شوٹر مظفر و دیگر کو متعدد کالز کا ریکارڈ بھی پولیس نے حاصل کیا ہے، ملزم احسن شاہ کا موبائل فرانزک کیلئے دیدیا گیا ہے جبکہ سی آئی اے آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی جانب سے ملزم احسن شاہ کو کل23 مارچ کو دوبارہ عدالت پیش کیا جائے گا۔ ملزم احسن شاہ کے ساتھ علی اصغر پٹھان، ملک سہیل، شوٹر ایاز ،سہولت کار بلال اور وقوعہ میں استعمال ہونے والی گاڑی کا ڈرائیور حسنین سی آئی اے آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی حراست میں ہیں۔