پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی،بیمار مرغیوں سے بھری گاڑی پکڑلی
03-21-2024
(ویب ڈیسک) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک کارروائی کے دوران بیمار مرغیوں سے بھری گاڑی پکڑ لی۔
رپورٹ کےمطابق میٹ سیفٹی ٹیموں نے ٹولنٹن مارکیٹ اور سبزہ زار مارکیٹ میں چیکنگ کے دوران 880 کلو بیمار مرغیاں اور باسی و بدبودار گوشت تلف کرتے ہوئے 9 دکانوں کو 90 ہزار روپے کے جرمانے عائد کردیے۔ حکام کے مطابق فالج،فلو اور پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا کم وزن مرغیوں سے بھری گاڑی پکڑی گئی، جس میں بیمار مرغیاں گوشت کی تیاری کے لیے ٹولنٹن مارکیٹ لائی گئی تھیں۔ علاوہ ازیں گوشت کی دکانوں پر غیر معیاری اور زائد المیعاد گوشت فریزر میں فروخت کے لیے رکھا پایا گیا جب کہ دکانوں میں صفائی کے ناقص انتظامات اور دکانوں میں کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام ہمیشہ صحت مند مرغی ذبح کروا کر گوشت خریدیں۔ خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کے خاتمے کے لیے فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں۔