سابق سفیر اسد مجید کا بیان دوبارہ ریکارڈ کیا جائے، بیرسٹر گوہر
03-21-2024
(ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے ڈونلڈ لو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سابق سفیر اسد مجید کا بیان دوبارہ ریکارڈ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 20 گھنٹے گزر چکے لیکن اسد مجید نے کوئی بیان نہیں دیا، ڈونلڈ لو کے بیان پر اسد مجید کو اپنا مؤقف دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ لو ان سب چیزوں سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں، بانی کی رہائی کو مذاکرات سے مشروط نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا بانی کے کیسز عدالتوں میں چل رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے مذاکرات نہیں کریں گے، ہمیں عدلیہ پر اعتماد ہے۔