امریکی سفیر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرکے ان کا مؤقف سنیں : بریڈ شرمین
03-21-2024
(ویب ڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی کے رکن بریڈ شرمین نے امریکی سفیر سے اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکہ میں ایوان نمائندگان کی کمیٹی برائے خارجہ امور میں سماعت کے دوران کمیٹی کے رکن بریڈ شرمین نے جنوبی و وسطی ایشیائی امور کے معاون وزیرِ خارجہ ڈونلڈ لو سے سوال کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو سزا دیئے جانے کے معاملے پر کیا اقدامات کئے گئے ہیں؟ بریڈ شرمین کے سوال کے جواب پر ڈونلڈ لو نے کہا کہ اس پر ہم پاکستانی حکام سے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں، ان کا پاکستان کے سابق وزیراعظم کو اقتدار سے ہٹانے کے عمل میں کوئی کردار نہیں تھا۔ ایوان کے رکن بریڈ شرمین نے امریکی سفیر سے کہا کہ وہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں اور ان کا مؤقف سنیں۔ رکن کانگریس نے مزید کہا کہ امریکی سفیر غلط سزاؤں کے الزامات کا جائزہ بھی لیں۔