لاہور پولیس نے دکان میں واردات ناکام بنا دی، فائرنگ سے ملزم ہلاک
03-21-2024
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دودھ کی دکان میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی، پولیس کی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ وہاڑی میں بھی خطرناک ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں 4 مسلح ڈاکو دودھ کی دکان میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار شروع کر دی، واردات کی اطلاع پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکو موقع پر دم توڑ گیا، ملزموں کی فائرنگ سے دکان پر موجود ایک شخص بھی زخمی ہوا، مرنے والے ملزم کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر مزید کارروائی کا آغاز کر دیا۔ دوسری جانب وہاڑی میں بھی پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد خطرناک ملزم کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا جس کی شناخت راشد عرف راشی کے نام سے ہوئی، ملزم 25 مقدمات میں مطلوب تھا، ملزم کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم راشد کو ڈکیتی کے مقدمے میں برآمدگی کے بعد واپس لے جایا جا رہا تھا کہ مال منڈی مویشیاں کے قریب 4 نامعلوم ساتھیوں نے ملزم کو حراست سے چھڑوانے کیلئے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔