9 مئی کے مقدمات میں اشتہاری شخص ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے:عظمیٰ بخاری

03-21-2024

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں اشتہاری شخص ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے۔

علی امین گنڈا پور کے دھمکی آمیز بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو وزیراعلیٰ اپنے صوبے کے افسران کو اینٹیں مارنے کے مشورے دے رہا ہے، اس کی ذہنی حالت پر ہمیں پہلے ہی شک تھا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہم آپ کی دہنی حالت دیکھتے ہوئے آپ کی دھمکیوں پر ترس ہی کھا سکتے ہیں، تین دن قبل یہی علی امین گنڈاپور وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے منتیں ترلے کر رہے تھے، آج وہی گنڈاپور وفاق اور پنجاب کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب کو دھمکیاں دینے کے بجائے اپنے صوبے کی عوام کا سوچیں، آپ چوری شدہ مینڈیٹ پر شارٹ ٹرم وزیراعلیٰ ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ دھمکیاں دیتے آپ کا لیڈر آج 4 مقدمات میں مجرم ثابت ہو چکا ہے، گنڈاپور صاحب آپ کی بھی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔