بانی پی ٹی آئی نے سیاسی بیانیے کی فروغ کیلئے ریاست کو داؤ پر لگایا: عطا تارڑ
03-20-2024
(ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جلسے میں سائفر لہرایا تھا، اپنے سیاسی بیانیے کو فروغ دینے کے لئے ریاست کو داؤ پر لگایا۔
عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ کا انجام ہمیشہ برا ہوتا ہے، ہم گزشتہ دوسال سے کہہ رہے ہیں بانی پی ٹی آئی جھوٹ بول رہے ہیں، انہوں نے ڈونلڈ لو پرالزام لگایا تھا، اسی ڈونلڈ لو نے سماعت میں کہا سائفر سراسر جھوٹ تھا۔ عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے قوم سے جھوٹ بولا، بانی پی ٹی آئی نے اپنی انا کی تسکین، قومی مفاد کو داؤ پر لگایا، بانی پی ٹی آئی آج پوری دنیا میں رسوا ہوئے، ڈونلڈ لو نے کانگریس کمیٹی میں بانی پی ٹی آئی کو جھوٹا قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے نوجوانوں کے ذہنوں کو زہر آلود کیا، جھوٹ ہمیشہ بے نقاب ہو کر رہتا ہے، بانی پی ٹی آئی کا مکروہ اور گھناؤنا چہرہ پوری دنیا نے دیکھا، کانگریس میں سماعت کے بعد ان کے پلے کیا رہ گیا۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان نے کانگریس کمیٹی اجلاس میں بھی واویلا کیا، ایک سازش کے تحت پاکستان کے تشخص کو متاثر کیا گیا، آج ہم سرخرو ہوئے ہیں، ہماری بات سچ ثابت ہوئی ہے، یہ خود کانگریس کمیٹی میں گئے تھے، بانی پی ٹی آئی کے قول و فعل میں تضاد ہے۔