معاشی استحکام: وزیراعظم کا عالمی ماہرین، سٹیک ہولڈرز کو مشاورتی عمل کا حصہ بنانے کا فیصلہ
03-20-2024
(لاہورنیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے معاشی استحکام و ترقی کیلئے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے عالمی ماہرین اور سٹیک ہولڈرز کو مشاورتی عمل کا حصہ بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعظم نے معاشی اصلاحات کے نفاذ کی خود نگرانی کا بھی فیصلہ کیا، شہبازشریف نے کہا کہ معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، مشاورتی اجلاسوں کی خود صدارت کروں گا، برآمدات کی عالمی منڈی تک رسائی اور برآمدی صنعت کو تمام سہولیات یقینی بنائیں گے۔ شہبازشریف نے مزید کہا کہ مزید ٹیکس کے بجائے ٹیکس نیٹ بڑھانے سے محصولات میں اضافہ کریں گے، پاکستان میں چھوٹے، درمیانے اور بڑے پیمانے کی صنعت کو ترقی دیں گے، وزیراعظم نے معیشت کے شعبوں کی مرحلہ وار اصلاحات پر رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے درآمدی پالیسی میں ویلیو ایڈیشن سے برآمدات بڑھانے کو کلیدی اہمیت دینے کی بھی ہدایت دی، انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات کو بین الاقوامی ویلیو ایڈیشن چین کا حصہ بنائیں گے، بجلی کے شعبے کی موجودہ استعداد کو بروئے کار لانے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو جدید اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ، علم و ہنر سے لیس کریں گے، وزیراعظم نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے اجراء کی بھی ہدایت کی۔