دہشتگردی کے سدباب کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے: مریم نواز
03-20-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
مریم نواز نے کہا کہ دہشت گردی کے سدباب کے لئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے سی ٹی ڈی کا کردار ناقابل فراموش ہے، معاشی ترقی کے لئے پائیدار امن و استحکام ناگزیر ہے، عوام کے جان و مال کی حفاظت سے بڑی قومی خدمت نہیں ہو سکتی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اسلام کے نام پر انتہا پسندی اور قتل و غارت قابل مذمت ہے، سی ٹی ڈی کے افسر اور جوان گمنام ہیرو ہیں ان کو سلوٹ پیش کرتی ہوں، سی ٹی ڈی جیسے ادارے کے قیام کا کریڈٹ محمد شہباز شریف کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی کے افسر اور جوان قابل تحسین قومی خدمت سر انجام دے رہے ہیں، سی ٹی ڈی کے افسر اور جوان صلہ و ستائش کی پروا کئے بغیر سرگرم عمل ہیں، امن و امان کے لئے کوشاں ادارے کے لئے تمام تر وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب کی ترقی، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کا مشن پائیدار امن و امان کے بغیر ممکن نہیں۔ سی ٹی ڈی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی وسیم احمد خان نے سی ٹی ڈی کی کارکردگی پر بریفنگ دی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو سراہا، وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا۔