پنجاب حکومت کا رواں برس گندم کی قیمت نہ بڑھانے پر غور
03-20-2024
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے رواں برس گندم کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے پر غور شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق گندم کی امدادی قیمت برائے سال 25-2024 کیلئے 3 ہزار 900 روپے فی من رکھنے کی سمری تیار کرلی گئی ہے، فیصلہ کابینہ کمیٹی کی منظوری سے مشروط ہو گا۔ لاہور سمیت پنجاب میں گندم کی اجرائی قیمت اس وقت 4700 روپے فی من مقرر ہے، گزشتہ برس گندم کی امدادی قیمت میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ کیا گیا، سال 2023 میں گندم کی امدادی قیمت کو 2300 روپے سے بڑھا کر 3900 روپے فی من کیا گیا تھا۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ گندم کی امدادی قیمت کے بارے میں مشاورت جاری ہے، گندم کی قیمت مستحکم رکھنے کا فیصلہ کابینہ کی منظوری سے مشروط ہو گا۔