عماد وسیم پاکستان ٹیم کیلئے نہیں کھیل رہے تو بہت غلط ہے: مائیکل کلارک

03-20-2024

(ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے آل راؤنڈرعماد وسیم کی پاکستانی ٹیم میں عدم موجودگی پر حیرانی کا اظہار کردیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے فائنل میں آخری اوور کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے سابق آسٹریلوی کرکٹر و کمنٹیٹر مائیکل کلارک نے آل راؤنڈر عماد وسیم کی تعریف کی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے مائیکل کلارک نے کہا کہ مجھے پسینہ آ رہا ہے، میں یقین نہیں کر سکتا! نہیں جانتا کہ کون جیت رہا تھا۔ مائیکل کلارک نے کہا کہ عماد وسیم فائنل کیلئے میرے ایم وی پی (موسٹ ویلیو ایبل پلیئر) ہیں، اگر وہ ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کے لیے نہیں کھیل رہے ہیں، تو یہ بہت غلط ہے۔ قبل ازیں گزشتہ دنوں عماد وسیم نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر سلیکٹرز انہیں ورلڈکپ کھیلنے کیلئے بلاتے ہیں تو وہ قومی ٹیم میں واپسی کیلئے تیار ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے کھیلتے ہوئے مجھے لوگوں نے پہچانا ہے، اگر میرے ملک کو کبھی بھی ضرورت ہوئی تو دستیاب ہوں گا۔ عماد وسیم نے بتایا کہ ‘شاہین نے مجھے ریٹائر ہونے کے بعد فون کیا لیکن میں نے انہیں کہا کہ ہم پی ایس ایل کے بعد بات کریں گے’۔ واضح رہے کہ عماد وسیم نے گزشتہ سال مئی 2023 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔