گڑھی شاہو: نوسرباز گروہ نے معمر خاتون سے سونے کی بالیاں لوٹ لیں

03-20-2024

(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں نوسر باز بھی متحرک ہو گئے، گڑھی شاہو میں نوسرباز گروہ معمر خاتون سے سونے کی بالیاں لے اڑا ۔

واردات گزشتہ روز سہ پہر ساڑھے 4 بجے کے قریب گڑھی شاہو روڈ پر ہوئی،  واردات میں ملوث ملزموں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق 2 ملزمان متاثرہ خاتون کے ہمراہ نظر آتے ہیں، جو معمر خاتون کو اپنے ساتھ تھانہ لے جانے کیلئے کہتے ہیں۔ اسی دوران ملزموں کا تیسرا رکشہ سوار ساتھی موقع پر پہنچ جاتا ہے، ملزمان خاتون کو رکشہ میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے جاتے ہیں، اور کچھ دور جا کر ملزمان خاتون سے سونے کی بالیاں اتروا لیتے ہیں۔ واردات کے بعد ملزمان خاتون کو سڑک کنارے رکشہ سے اتار کر فرار ہوجاتے ہیں۔ دوسری جانب گڑھی شاہو پولیس نے متاثرہ خاتون کے بیٹے کاشف کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزموں کی تلاش کی جا رہی ہے۔