اچھرہ بازار واقعہ میں ملوث تین مرکزی ملزمان گرفتار

03-20-2024

(ویب ڈیسک) لاہور پولیس نے اچھرہ بازار واقعہ میں خاتون کو توہین مذہب کے نام پر ہراساں کرنے والے مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سانحہ اچھرہ کے مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کی شناخت ندیم کمانڈو، عادل علی اور التمش کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے خاتون کو ہراساں کیا اور جان سے مارنے کی کوشش کی تھی جبکہ ہجوم کو تشدد پر اُکسایا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد ملزمان روپوش ہوگئے، موبائل فونز بند کر لئے تھے۔ آپریشنز و انویسٹی گیشن ونگز کی مشترکہ ٹیم نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے ملزمان کا سراغ لگایا۔ پولیس ترجمان کے مطابق لوگوں کی جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، ناہی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت دی جائے گی۔