پاکستان نے آئی ایم ایف مشن کو مطمئن کر لیا، قسط منظور ہونے کا امکان

03-19-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان اور آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئے۔

وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کے مشن کو معاشی کارکردگی پر مطمئن کر لیا ہے جس کے باعث پاکستان کے لئے 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط منظوری کے واضح امکانات ہیں، آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ اپریل میں پاکستان کے لئے قسط منظور کر سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت آخری اقتصادی جائزہ مذاکرات میں مثبت پیش رفت رہی اور آئی ایم ایف کی جانب سے اعلامیہ جاری کئے جانے کا امکان ہے، معاہدے اور کامیابی کا حتمی اعلان آئی ایم ایف اعلامیہ کے ذریعے کرے گا۔ دریں اثنا وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی بھی امریکی سفیر بلوم سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں ملک کے ٹیکس انتظامیہ اور سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری سمیت پاکستان کے اصلاحاتی اہداف کو پورا کرنے کے لئے مزید امریکی تعاون اور حمایت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سفیر بلوم نے آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے موجودہ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کو مکمل کرنے کے لئے امریکی حکومت کی حمایت کی یقین دہانی کروائی امریکی سفیر بلوم نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں امریکا پاکستان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم پر زور دیا۔