مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ، منافع خور باز نہ آئے
03-19-2024
(لاہور نیوز) مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ جاری ہے، رمضان المبارک میں بھی منافع خور باز نہ آئے۔
ماہ صیام میں بھی منافع خور بے لگام ہیں، پولٹری مصنوعات، سبزیاں اور پھل قوت خرید سے باہر ہیں، برائلر گوشت 563 روپے فی کلو ہے، فارمی انڈے 269 روپے فی درجن کی سطح پر برقرار ہیں۔ سرکاری ریٹ لسٹ میں 3 سبزیوں کے دام مزید بڑھا دئیے گئے، اوپن مارکیٹ میں کریلے 480 ، گاجر دیسی 90 اور گھیا کدو 220 روپے فی کلو ہے، پیاز 200 ، ٹماٹر 150 ، لہسن 780 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے، ادرک چائنہ 700 روپے فی کلو تک بیچا جا رہا ہے۔ پھلوں میں سیب کالا کولو 400 روپے فی کلو جبکہ کیلے درجہ دوم 180 روپے فی درجن ہیں، اوپن مارکیٹ میں کھجور ایرانی 620 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ عوام کہتے ہیں ہر دکاندار کا اپنا ریٹ ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، مارکیٹ میں سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد بھی کہیں دکھائی نہیں دے رہا جس کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔