ملکی اور مذہب مخالف سرگرمیوں میں مصروف 462 سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک

03-19-2024

(ویب ڈیسک) سماجی رابطوں کی سائٹس پر مذہبی انتشار پھیلانے اور منفی سرگرمیوں میں مصروف 462 سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کر دیئے گئے۔

پولیس کے انسداد انتہا پسندی یونٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر مذہبی، مسلکی، لسانی منافرت پھیلانے والے 462 اکاؤنٹس کو اسلام آباد پولیس کے انسداد انتہا پسندی یونٹ نے بند کروایا، اس حوالے سے منفی سرگرمیوں میں ملوث 522 اکاؤنٹس کی نشاندہی کرتے ہوئے بندش کے لئے ایف آئی اے کو خط لکھا گیا تھا۔ بند ہونے والے اکاؤنٹس میں 65 مذہبی، 47 ملک کے خلاف پراپیگنڈا کرنے اور 350 اکاؤنٹس دہشت گردانہ مواد پھیلانے میں ملوث تھے، باقی 1060 اکاؤنٹس کو بھی جلد بند کر دیا جائے گا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انتہا پسندی کی روک تھام سے دہشت گردی کے تدارک اور شہر کی سکیورٹی کو مؤثر بنانے میں مدد مل رہی ہے، عوام سے گزارش ہے کہ سوشل میڈیا پر ایسی منفی سرگرمیوں سے دُور رہیں، اس میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔