لیسکو کی تمام شعبہ جات میں کارکردگی ناقص قرار

03-19-2024

(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے لیسکو کے تمام شعبہ جات کی کارکردگی کو ناقص قرار دیدیا، نیپرا نے انویسٹمنٹ پلان کی بنیاد پر ٹیرف کی مد میں صارفین سے بجلی بلوں کے ذریعے اربوں روپے وصول کرنے پر جواب طلب کر لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹیرف کے ذریعے صارفین سے سالانہ اربوں روپے کے فنڈز وصولی کے باوجود کارکردگی بہترنہیں ہوسکی، جس کی وجہ سے جواب طلب کیا گیا، نیپرا کی منظوری سے لیسکو ہر سال بجلی کے بلوں میں اضافی فنڈز وصول کرتی ہےاوران فنڈز کے ذریعے بجلی کی ترسیل، نیو کنکشنز، ٹرانسمیشن لائنز سمیت دیگر منصوبے بنائے جاتے ہیں، تاہم نیپرا نے تمام پیرامیٹرز میں ناقص کارکردگی دکھانے پر لیسکو سے جواب طلب کیا ہے۔ نیپرا نے 2016ء سے 2023ء تک لیسکو کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے گزشتہ مالی سال کے دوران لیسکو کو انویسٹمنٹ پلان کے تحت 20 ارب روپے کی مد میں وصولی کے باوجود سہولتیں نہ دینے پر جواب طلب کیا ہے۔