نوازشریف اور مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب حکومت کے اجلاس کی اندرونی کہانی
03-19-2024
لاہور:(حسن رضا) قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے پنجاب حکومت کے اہم اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف آئی ایم ایف کے مطالبات پر بول پڑے۔ انہوں نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی، گیس اور کتنی مہنگی ہوگی؟ آئی ایم ایف کے مطالبات پورے کرتے کرتے عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے؟ قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ سب حکومتوں کو چاہیے فوری طورپر اپنے اخراجات کم کرکے عوام کو سہولیات دینے پر کام کریں،یہ بات بھی درست ہے کہ گردشی قرضوں سے ہمیشہ ہمیشہ کےلئے جان چھڑانا ہوگی ورنہ یہ ملک کو کھا جائیں گے،کسانوں، کاشتکاروں اور دیگر کاروبار کو سہولیات ملنی چاہئیں۔ سابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چھوٹے کسانوں کے مسائل حل کرنے پر فوکس کریں، ان کو مہنگی بجلی ملے گی تو کیا بچے گا؟ اس پر سوچنا ہوگا، چھوٹے کسانوں کے مہنگی بجلی کے مسئلے کا جلد از جلد حل نکالیں، حکومت پنجاب کسانوں کو سولر پینل دینے پر پیسے خرچ کرے۔ لیگی قائد نوازشریف نے پنجاب حکومت کو وفاق کی مدد کے ساتھ چھوٹے کسانوں کےلئے مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کرنے کا ٹاسک بھی دیدیا۔