چیئرمین پی سی بی کا نیشنل سٹیڈیم کراچی کی اپ گریڈیشن کا حکم

03-19-2024

(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے نیشنل سٹیڈیم کراچی کی اپ گریڈیشن کا حکم دے دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے نیشنل سٹیڈیم کراچی کا تفصیلی دورہ کیا اور سٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کے لئے سہولتوں کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں فراہم کردہ سہولتوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے سٹیڈیم کے مختلف انکلوژرز اور باکسز کا معائنہ کیا، انہوں نے شائقین کرکٹ کے نئے ویو کو بہتر بنانے کے لیے ہدایات دیں۔ اس موقع پر گفتگو کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے میچ کے ویو کو بہتر بنانے کے لئے انکلوژرز کے حفاظتی جنگلے مزید آگے بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نشستیں بہتر اور آرام دہ ہونی چاہئیں، سٹیڈیم کی عمارت کو بہتر اور خوبصورت بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹیڈیم کی دیکھ بھال پر مستقل و خصوصی توجہ دی جائے، نیشنل سٹیڈیم کراچی کی اپ گریڈیشن کے پلان کو جلد حتمی شکل دے کر کام بلا تاخیر شروع کیا جائے۔ چیئرمین پی سی بی  نے سٹیڈیم کے گراؤنڈ مینز سے بھی ملاقات کی اور عرصہ دراز سے گراؤنڈ کی دیکھ بھال کرنے والے عملے کو گلے لگا کر شاباش دی جبکہ میچز کے لیے بہترین پچز تیار کرنے کی ہدایت کی۔