پی ایس ایل9،شین واٹسن مہنگےترین کوچ بن گئے،کتنا معاوضہ لیتے ہیں؟جانئے

03-18-2024

(ویب ڈیسک) شین واٹسن ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کوچ ثابت ہوئے۔

رپورٹ کےمطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انھیں ڈیڑھ لاکھ ڈالر معاوضہ ادا کیا، پاکستان روپے میں یہ رقم تقریبا4 کروڑ 20 لاکھ روپے بنتی ہے، ایونٹ کے دوران شین واٹسن 28 دن پاکستان میں رہے، یوں انھوں نے یومیہ 15 لاکھ روپے وصول کیے، اس کے باوجود ٹیم کی کارکردگی میں مثبت تبدیلی نہ آ سکی، گوکہ اس بار گرتے پڑتے پلے آف میں تو رسائی حاصل کر لی لیکن پہلے ہی میچ میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ واٹسن کے اندازکوچنگ پر بھی سوال اٹھے، انھوں نے کئی معاملات میں من مانی کی، اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ اگلےپی ایس ایل میں بھی وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ بنیں، سابق ویسٹ انڈین اسٹار ویوین رچرڈز بطور مینٹور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ماضی میں ایک لاکھ ڈالر تک وصول کرتے تھے لیکن کوویڈ کے بعد معاوضہ کم کر کے 75 ہزار ڈالر کر دیا گیا تھا۔ سابق کوچ اور موجودہ ٹیم ڈائریکٹر معین خان کا ابتدا میں 50 ہزار ڈالر کا معاہدہ رہا،پلے آف اور پھر فائنل میں پہنچنے پر 10،10 ہزار ڈالر اضافی ملتے تھے، ٹیم اونر ندیم عمر کھلاڑیوں اور کوچز کو معاوضوں کی ادائیگی کے معاملے میں ہمیشہ سے بہت اچھی شہرت کے حامل رہے ہیں۔