بانی پی ٹی آئی پر فائرنگ کا کیس، پراسیکیوشن سے دو ہفتوں میں جواب طلب

03-18-2024

(لاہور نیوز) بانی پی ٹی آئی پر فائرنگ کے کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے پراسیکیوشن کو دو ہفتوں کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی پر وزیر آباد میں فائرنگ کے مرکزی ملزم نوید بشیر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے وزیر آباد حملہ کیس میں بے گناہ ملوث کیا، پی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی کی ریلی پر خود فائرنگ کروائی اور الزام ملزم پر ڈال دیا، پولیس کے پاس ملزم نوید کے خلاف ایک بھی براہ راست ثبوت موجود نہیں ہے، تمام شریک ملزمان کی ضمانتیں ہو چکی ہیں، ڈیڑھ سال سے ملزم کے خلاف نہ تفتیش مکمل ہوئی اور نہ ہی چالان ٹرائل کورٹ میں جمع ہوا، لہٰذا عدالت ضمانت منظور کر کے رہا کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے پراسیکیوشن کو دو ہفتوں کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔