لاہور میں انڈر گراؤنڈ ٹرین پراجیکٹ کا پلان طلب
03-18-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی دارالحکومت میں انڈرگراؤنڈ ٹرین پراجیکٹ کا پلان طلب کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کے پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ طلبہ کو 19 ہزار پٹرول اور ایک ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود ماہانہ اقساط پر دی جائیں گی، بینک آف پنجاب کے اشتراک سے پنجاب بھر میں ٹریفک لائسنس کے حامل طلبہ کو آسان اقساط پر بائیکس دی جائیں گی جبکہ سود حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پٹرول بائیک کی ماہانہ قسط 5 ہزار اور ای بائیک کی قسط 10 ہزار سے کم ہوگی، مئی میں قرعہ اندازی کے بعد اسی ماہ بائیکس کی ڈیلیوری شروع کر دی جائے گی، شہروں میں طلباء و طالبات کیلئے 50، 50 فیصد کوٹہ مختص ہے جبکہ دیہات میں 70 فیصد طلباء اور 30 فیصد کوٹہ طالبات کیلئے مختص ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ لاہور کیلئے 300، راولپنڈی 78، ملتان 100، فیصل آباد 110اور بہاولپور کیلئے 42 ہائبرڈ ڈیزل بسیں لائی جائیں گی، 27 مکمل الیکٹرک بسیں لاہور میں چلائی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی کہ عید سے پہلے بائیکس کیلئے درخواستوں کی وصولی کا اعلان کیا جائے جبکہ بسوں کا کرایہ بھی کم سے کم رکھا جائے۔ اجلاس کے دوران قائد ن لیگ میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں انڈر گراؤنڈ ٹرین پراجیکٹ کا پلان طلب کرلیا جبکہ پنجاب کے تین شہروں میں میٹرو بس پراجیکٹ لانے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ قائد مسلم لیگ میاں نواز شریف نے ہدایت کی کہ طلبہ کے لئے بائیکس کی تعداد مزید بڑھائی جائے ، طلبہ کے لئے بائیک کی ماہانہ قسط کم سے کم رکھی جائے،طلبہ کا مالی بوجھ بٹانا حکومت کی ذمہ داری ہے،عوام کے لئے بس کا کرایہ بھی کم سے کم مقرر کیا جائے۔