بجلی بلوں پر اضافی ٹیکسز کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹسز جاری
03-18-2024
(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے بجلی کے بلوں پر اضافی ٹیکسز کی درخواستوں پر وفاقی حکومت سمیت تمام فریقین کو نوٹسزجاری کر دیئے۔
جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے بجلی کے بلوں میں فردر اور ایکسٹرا ٹیکسز کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ وکیل درخواست گزاروں نے کہا کہ درخواست گزار اداروں پر رجسٹریشن کا قانون لاگو نہیں ہوتا، قانون کے مطابق فردر ٹیکس اور ایکسٹرا ٹیکسز رجسٹریشن نہ کروانے والے اداروں پر لاگو ہوتا ہے، جی ایس ٹی ہمارے ادارے پہلے ہی ادا کر رہے ہیں۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ آدھا ٹیکس دینا ہے آدھا نہیں عجیب بات ہے، آپ یا تو کہیں ہم پر کوئی بھی ٹیکس نہیں لگتا۔ عدالت نے درخواستوں پر وفاقی حکومت سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 25 اپریل تک ملتوی کر دی۔