پنجاب کابینہ نے بجٹ24-2023 کی منظوری دے دی

03-18-2024

(لاہور نیوز) پنجاب کابینہ نے 24-2023 کے 4 ہزار 480 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا دوسرا  اجلاس ہوا جس میں  صوبائی وزراء،  چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب  اور دیگر متعلقہ حکام نے  شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری اور سیکرٹری فنانس نے وزیرِ اعلیٰ کو بجٹ دستاویز پیش کیں جس پر مریم نواز نے دستخط کر دیئے۔ کابینہ نے آئی ایم ایف کو تسلی بخش بریفنگ دینے پر سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل کو سراہا۔ صوبائی  کابینہ نے پنجاب سیلز ٹیکس سروس ایکٹ میں ترامیم کی منظوری بھی دی، صوبائی کابینہ نے ضمنی بجٹ 2023-24 کی منظوری دی اور جولائی تا اکتوبر، نومبر تا فروری اور مارچ 2024 کے بجٹ کی توثیق بھی کی۔ کابینہ نے  صوبے کے  ترقیاتی بجٹ کیلئے655 ارب اور سماجی تحفظ اقدامات کا تخمینہ بجٹ  20 ارب روپے منظور کرلیا، صحت کیلئے 473  ارب،تعلیم کیلئے 596 ارب اور تعمیرات کیلئے  382 ارب کا  بجٹ منظور کیا گیا ہے جبکہ رمضان  پیکیج کے لئے 30ارب روپے کا بجٹ منظور ہوا ہے۔ پنجاب میں مفت کتابوں کی فراہمی کے لئے 11 ارب روپے کا تخمینہ  لگایا گیا ہے جبکہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے لئے12.5ارب، پی کے ایل آئی انڈوومنٹ فنڈ کے لئے 10ارب اور حفظان صحت کے توسیعی پروگرام کے لئے 11.4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسی طرح گندم کے قرضہ کی ادائیگی کے لئے  264 ارب ، بجٹ میں زراعت پر سبسڈی کے لئے 25.6ارب رکھنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے خصوصی اقدامات کے لئے بھی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ تاریخ  کا  بہترین رمضان پیکیج پیش کرنے  پر  وزیر اعلیٰ  کو خراج تحسین   اجلاس کے دوران صوبائی  کابینہ نے تاریخ  کا  بہترین رمضان پیکیج پیش کرنے  پر  وزیر اعلیٰ  مریم نواز شریف کو خراج تحسین  پیش کیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگلے سال مستند ڈیٹا کے ساتھ بہتر رمضان پیکیج لائیں گے،صوبہ بھر میں 35لاکھ سے زائد گھرانوں کورمضان پیکیج کی ترسیل مکمل ہوچکی ہے،ایک ہفتے تک رمضان پیکیج کی ترسیل کا عمل مکمل کر لیا جائے گا،پیاز اور دیگر اشیاء کی قیمتیں تیزی سے نیچے آرہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول میں بہتری کی وجہ سے اشیاء کے نرخ نیچے آرہے ہیں،چیف سیکرٹری ، ان کی ٹیم اور  ضلعی انتظامیہ رمضان میں بہتر اقدامات پر شاباش کی مستحق ہے، پوری ٹیم نے رمضان پیکیج اور پرائس کنٹرول کے لیے توقعات سے بڑھ کر کام کیا۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق رمضان نگہبان پیکیج تاریخی اقدام ہے،رمضان پیکیج کی کامیابی کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔