نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کر کے ملک کی تقدیر بدلیں گے، چوہدری شافع حسین

03-18-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کا کہنا ہے نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کر کے ملک کی تقدیر بدلیں گے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں یونیورسٹیوں میں تدریسی عمل، ترقیاتی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی، یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کے ترقیاتی مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروا دی، انہوں نے کہا تدریسی عمل اور مسائل کا جائزہ لینے کیلئے جلد یونیورسٹیوں کا دورہ کروں گا، عصر حاضر میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کی افادیت اور اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، عالمی مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کی ضرورت ہے۔  چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کے مسائل حل کرکے انہیں ہنر کی ترویج کے حقیقی مرکز بنائیں گے، نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کر کے ملک کی تقدیر بدلیں گے۔