شمالی وزیرستان چیک پوسٹ حملے کی مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
03-18-2024
(لاہور نیوز) شمالی وزیرستان چیک پوسٹ پر حملے کی مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔
قرارداد پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی کنول لیاقت ایڈووکیٹ نے جمع کروائی ۔ قرار داد کے متن میں لکھا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں چیک پوسٹ پر دشمن کے بزدلانہ حملے کی بھرپور مذمت کرتا ہے، پوری قوم دہشت گردی کے اس حملے میں شہادت کا بلند رتبہ پانے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ متن میں مزید لکھا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان اپنے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہے، قوم متحد ہو کر افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، شہدائے وطن کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں،جام شہادت نوش کرنے والے شہداء ہمارا فخر ہیں۔