سیکرٹری زراعت کی ماڈل بازاروں میں کاؤنٹرز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت

03-17-2024

(لاہور نیوز) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار سہو نے ماڈل بازاروں میں عوام الناس کے رش کے پیشِ نظر کاونٹرز کی تعداد میں اضافے کی ہدایت کردی۔

سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے ماڈل بازار جوہر ٹاؤن اور ٹھوکر نیاز بیگ میں قائم فیئر پرائس شاپس کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت افتخار سہو کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران محکمہ زراعت پنجاب کے تحت قائم کردہ فیئر پرائس شاپس پر عوام الّناس کو بڑا ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے،عوام الناس کے رش کے پیشِ نظر کاونٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ  فیئر پرائس شاپس پر تمام اشیاء صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک وافر مقدار میں موجود رہنی چاہئیں، کسی بھی آئٹم کی قلت ہر گز نہیں ہونی چاہیے، فیئر پرائس شاپس پر اشیاء کی کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ خریداری کیلئے آئی عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے، خریداری کیلئے آئے خصوصی افراد کو قطاروں میں نہ لگایا جائے۔