صوبائی وزیر تعلیم کا پولیس خدمت مرکز شادمان کا دورہ، سہولیات پر حیرت کا اظہار

03-17-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پولیس خدمت مرکز شادمان کا دورہ کیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سپیشل انیشی ایٹو پولیس سٹیشن گلبرگ اور پولیس خدمت مرکز شادمان کا دورہ کیا، اے ایس پی شہر بانو نقوی نے صوبائی وزیر کو سائبان آفس اور خدمت مرکز کا دورہ کروایا۔ رانا سکندر حیات کو پولیس سٹیشن اور خدمت مرکز کو جدید اِنفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سہولیات سے ہم آہنگ کرنے حوالے سے آگاہ کیا گیا، وزیر تعلیم کو شہریوں کیلئے دستیاب جدید سہولیات اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ بارے بھی  آگاہی دی گئی۔ صوبائی وزیر نے ڈرائیونگ ٹریننگ سیمولیٹر، فرنٹ ڈیسک، پولیس سٹیشن گائیڈ سمیت دیگر سہولیات پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا،انہوں نے ڈرائیونگ ٹریننگ سیمولیٹر چلا کر خود بھی سہولت کا مشاہدہ کیا، ان کو سائبان دفتر میں کمیونٹی سنٹر اور دیگر شعبوں کا دورہ بھی کروایا گیا۔ رانا سکندر  نے خدمت مرکز کے سٹاف اورشہریوں سے مسائل بارے آگاہی حاصل کی،  خدمت مرکز میں خدمات انجام دینے والی خواتین کو سراہا۔ اس موقع پر گفتگو میں وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہاکہ سپیشل انیشی ایٹو پولیس سٹیشنز اور پولیس خدمت مراکز پبلک سروس ڈلیوری کے شاہکار پراجیکٹ بن چکے ہیں،پولیس خدمت مرکز شادمان میں ڈرائیونگ ٹریننگ سیمولیٹر کی سہولت خواتین کیلئے خوش نما اضافہ ہے ۔ ان  کا مزید کہنا تھا کہ تھانوں کی اپ گریڈیشن اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ نے پنجاب پولیس سٹیشنز کا تشخص مکمل بدل دیا ہے، صوبے کے تمام تھانوں کے فرنٹ اینڈز کے بعد بیک اینڈز کو بھی  جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا، پولیس دفاتر کی اپ گریڈیشن سائلین کیلئے خوش آئند ہے۔