پی ایس ایل 9: بابر نے یونائیٹڈ سے شکست کا ملبہ باؤلنگ یونٹ پر ڈال دیا
03-17-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کا ملبہ باؤلنگ یونٹ پر ڈال دیا۔
پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے اہم معرکے میں شکست کا ذمہ دار ناقص باؤلنگ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی 11 اوورز میں ہماری پوزیشن بہتر تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 11ویں اوور کے بعد ہماری باؤلنگ بہت خراب تھی، ہمارے باؤلرز نے یہ سوچ لیا تھا کہ ہم جیت گئے ہیں جو ہماری شکست کی وجہ بنی۔ یاد رہے کہ گزشتہ شب ہونے والے دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کا فائنل اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان 18 مارچ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔