برائلر گوشت کے نرخ نہ تھم سکے، آلو، ٹماٹر، پیاز سستے

03-17-2024

(لاہور نیوز) برائلر گوشت رمضان المبارک میں بھی سستا نہ ہو سکا، ہفتہ بھر میں برائلر گوشت کے نرخ 10 روپے بڑھ گئے۔

برائلر گوشت کے نرخ 583 روپے کلو ہوگئے جبکہ فارمی انڈے 8 روپے اضافے سے 269 روپے فی درجن ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب رمضان المبارک کے پہلے ہفتے چند سبزیاں سستی ہونے لگی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مقامی فصل آنے سے مارکیٹ میں بہتری آرہی ہے۔ ہفتہ بھر میں ٹماٹر کے نرخ میں 50 روپے فی کلو کمی ہو گئی ہے، ٹماٹر کا سرکاری نرخ ہفتہ بھر میں 160 سے 110 روپے کلو ہوگیا، مارکیٹ میں ٹماٹر 150 روپے کلو تک آ گیا ہے۔ پیاز کے نرخ میں بھی ایک ہفتے میں 115 روپے فی کلو کمی ہوگئی، پیاز کا سرکاری نرخ 250 سے کم ہوکر135 روپے فی کلو ہو گیا، مارکیٹ میں پیاز 170 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔  آلو نرخ میں 8 روپے فی کلو کمی سے 52 روپے کلو ہوگیا، مارکیٹ میں آلو 80 روپے کلو تک بیچا جا رہا ہے۔ لہسن، ادرک کے نرخ میں کمی نہ ہوسکی، بدستور 700 روپے کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔ بند گوبھی 20 اور پھول گوبھی 75 روپے فی کلو مہنگی ہو گئی۔ بند گوبھی 140 اور پھول گوبھی 200 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ لیموں کے نرخ بھی برقرار ہیں۔