پاکستان کرکٹ بورڈ میں ری سٹرکچرنگ کا عمل شروع ہونے کا امکان

03-16-2024

(لاہور نیوز) پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا دبئی میں آئی سی سی میٹنگ سے واپسی پر بورڈ میں بڑی تبدیلیاں کرنے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے بعد بورڈ میں ری سٹرکچرنگ کا عمل شروع ہونے کا امکان ہے، چیئرمین پی سی بی پروفیشنل لوگوں پر مشتمل اپنی مضبوط لیکن چھوٹی انتظامی ٹیم لانا چاہتے ہیں، اس حوالے سے کئی شعبوں کو ختم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ ذرائع نے بتایا چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ کے ساتھ محسن نقوی کی ملاقات میں غیر ضروری اخراجات میں کمی اور تنخواہوں کے حجم پر بات کی گئی، نجم سیٹھی اور ذکا اشرف دور میں بورڈ میں آنے والے اکثر افسران اور نچلے درجے کے ملازمین کو اپنے عہدے بچانا مشکل ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کی مشاورت سے چیئرمین پی سی بی نے گزشتہ دنوں فنانس، ایچ آر ڈیپارٹمنٹس سے تفصیلی بریفنگ لی ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کو اگلے چند سالوں میں کون کون سی انٹرنیشنل سیریز کھیلنا ہیں اس بارے میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ سے بریفنگ لی گئی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ 2 سالوں سے بڑے پیمانے پر تقرریاں کی گئیں اور ماضی کے سربراہوں نے اپنے من پسند لوگوں کا تقرر کیا انہیں بھی گھر بھیجا جائے گا، کچھ شعبوں میں اوور سٹافنگ کے باوجود آؤٹ سورس کی خدمات حاصل کی گئیں، اس کی بھی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ محسن نقوی اپنی انتظامی ٹیم لا کر پی سی بی کو بہتر انداز میں چلانا چاہتے ہیں، اس سلسلے میں عید سے پہلے تمام صورتحال واضح ہو جائے گی۔