گیس سیکٹر کے گردشی قرضے میں کمی اور قیمتوں کی بروقت ایڈجسٹمنٹ کی یقین دہانی

03-16-2024

(لاہور نیوز) حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کو توانائی سیکٹر کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے ایڈجسٹمنٹس اور ٹیرف میں بروقت اضافہ کرنے کی یقین دہانی کروا دی گئی۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق قلیل مدتی قرض پروگرام کیلئے اقتصادی جائزہ مذاکرات کے دوسرے روز پیٹرولیم ڈویژن حکام نے آئی ایم ایف وفد کے ساتھ ملاقات کی، بریفنگ میں آئی ایم ایف وفد کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال گیس شعبے کے گردشی قرضے میں اضافہ نہیں ہونے دیا گیا، سود سمیت پیٹرولیم سیکٹر کا گردشی قرضہ 3 ہزار 22 ارب روپے پر پہنچ چکا ہے۔ آئی ایم ایف کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سود کے بغیر پٹرولیم سیکٹر کا گردشی قرضہ 2300 ارب روپے ہے، حکومت گیس شعبے میں اصلاحات اورسستے توانائی پلان پر کام کر رہی ہے، توانائی شعبے میں سرمایہ کاری، مقامی وسائل پر انحصار حکومت کی ترجیح ہے، پاکستان کا سالانہ پٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل ساڑھے 17 ارب ڈالرز پر پہنچ چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں پٹرولیم مصنوعات پر لیوی بڑھانے کی تجویز بھی زیرغور آئی، حکام نے آئی ایم ایف کو گیس شعبے کے گردشی قرضے میں کمی اور گیس کی قیمتوں کی ایڈجسٹمنٹ بروقت کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔