حکومت پنجاب کاشتکار بھائیوں کے ساتھ ہے، تنہا نہیں چھوڑیں گے: مریم نواز شریف
03-15-2024
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے حکومت پنجاب کاشتکار بھائیوں کے ساتھ ہے، تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں گندم سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں کاشتکاروں کے لئے کسان کارڈ کے اجرا کی تجویز پر غور کیا گیا، اجلاس میں سوشل پروٹیکشن اور سبسڈی کی تجویز کا جائزہ، کاشتکاروں کو کھاد اور زرعی ادویات کی بلاتعطل فراہمی اور زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافے پر غوروخوض کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گندم پر سبسڈی سے ماضی میں حکومت کو 630 ارب روپے گردشی قرض کا بوجھ اٹھانا پڑا، گردشی قرضے پر سالانہ 80 ارب روپے مارک اپ ادا کرنا پڑا، حکومت پنجاب نے 8 ماہ میں 469 ارب روپے قرض ادا کر دیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا حکومت پنجاب کاشتکار بھائیوں کے ساتھ ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے، گندم کے کاشتکاروں کی معاونت کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے، مسلم لیگ ن کا منشور کاشتکاروں کی فلاح وبہبود ہے، عام آدمی کے مسائل کا بھی احساس ہے، سستا آٹا دینا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزرا بلال یسین، عظمی زاہد بخاری، عاشق کرمانی، صوبائی مشیر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی،ایس ایم بی آر، سیکرٹریز خوراک، زراعت، خزانہ، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔