پنجاب حکومت نے صوبائی وزرا پر مشتمل تین سٹینڈنگ کمیٹیاں تشکیل دیدیں

03-15-2024

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے 11 صوبائی وزرا پر مشتمل تین سٹینڈنگ کمیٹیاں تشکیل دیدیں۔

سٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ کی سربراہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہوں گی، سٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ کے ممبران میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب اور وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمنٰ شامل ہیں، کمیٹی نئی آسامیوں، اخراجات، گاڑیوں کی خریداری اور قرضہ جات کی فراہمی سمیت دیگر مالی امور سے متعلق معاملات کی منظوری دے گی۔ اسی طرح سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کی سربراہی خواجہ سلمان رفیق کے سپرد کر دی گئی، ممبران میں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، چودھری شافع حسین، بلال اکبر خان اور عاشق حسین شاہ شامل ہیں۔ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان صوبے کے امن و امان سے متعلق اہم فیصلے کرے گی، سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون کے سربراہ خلیل طاہر ہوں گے، ممبران میں طاہر خلیل، صہیب احمد ملک، عظمٰی زاہد بخاری اور ذیشان رفیق شامل ہیں۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کیبنٹ ونگ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔