وزیر اعلیٰ پنجاب کا اوورسیز پراپرٹی ٹرانسفر سروس شروع کرنے کا اعلان
03-15-2024
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو کی اصلاحات سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے امور پر بریفنگ دی گئی، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے اوورسیز پراپرٹی ٹرانسفر سروس شروع کرنے کا اعلان کیا۔ اوورسیز پراپرٹی ٹرانسفر سروس میں فرد اور رجسٹریشن کی سہولت ملے گی، امریکہ ، برطانیہ ، کینیڈا ، سعودی عرب اور دیگر گلف ممالک میں اوورسیز پاکستانیوں کو سروسز کے لئے جلد اقدامات کا حکم بھی دیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 30 جون تک 11 ڈویژن میں اراضی سہولت مرکز کا آغاز کیا جائے گا، 5798 مواضعات کا ریکارڈ دسمبر تک آن لائن ہو گا، دس اضلاع میں آن لائن لینڈ ریکارڈ پراجیکٹ کا آغاز ہو گا، پچاس کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کا لینڈ ریکارڈ بھی جلد آن لائن اور ڈیجیٹل ٹرانسفر ہو گا، سوسائٹیز کی پی ایل آر اے کے تحت ڈیجیٹل ٹرانسفر سے سوسائٹیز کے ڈیٹا تک رسائی ممکن ہو سکے گی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں ہاؤسنگ سوسائٹیوں وغیرہ میں 2 ہزار ایکڑ سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لئے کارروائی جاری ہے، 811044 ایکڑ سرکاری اراضی کارپوریٹ فارمنگ کیلئے استعمال کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا اوورسیز کے لئے خصوصی طور پر پراپرٹی ٹرانسفر سروسز میں ٹائم لائن کی پابندی کو یقینی بنائیں، سرکاری اراضی پر پارک اور روڈ سائیڈ سمال جم بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں، انہوں نے پنجاب میں سرکاری اراضی کی لیز کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری ریونیو، چیف سیٹلمنٹ کمشنر، بورڈ آف ریونیو، ڈی جی پی ایل آر اے، ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈی جی کچی آبادی اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔