پنجاب کی بڑی رابطہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے6ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر
03-15-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر کی بڑی رابطہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے لئے 6 ماہ کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ دوران اجلاس بریفنگ میں وزیراعلیٰ کو بتایا کہ پنجاب بھر میں 811 سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کی جائے گی، پنجاب میں پہلی مرتبہ بیک وقت 16ہزار 558 کلو میٹر شاہراہوں کی تعمیر و مرمت ہوگی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے پانچ ایکسپریس ویز کی تعمیر کا پراجیکٹ جلد شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ علاوہ ازیں پنجاب میں انتہائی خطرناک اور بوسیدہ حالت 10پلوں کی تعمیر شروع کردی گئی،وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پل بند کرکے تعمیر و مرمت شروع کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہدایت کی ہے کہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور بحالی پراجیکٹ میں کوالٹی کو ضرور ملحوظ خاطر رکھا جائے۔