نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے: چودھری شافع حسین
03-15-2024
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ہنر مند اور با اختیار بنا کر ملک کی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔
صوبائی وزیر صنعت وتجارت چودھری شافع حسین نے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے آفس کا دورہ کیا، انہوں نے ادارے کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ورکنگ کا جائزہ لیا، ڈی جی پی ایس ڈی اے وسیمہ عمر نے ادارے کی ورکنگ اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت چودھری شافع حسین نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل معیاری فنی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہے، عالمی مارکیٹ میں ہنر مند افرادی قوت کی بے حد ڈیمانڈ ہے، نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر روزگار کیلئے بیرون ممالک بھجوانے کی منصوبہ بندی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں با اختیار بنا کر ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے،لوگوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی اہمیت اور افادیت بارے آگاہی دینے کی ضرورت ہے،فنی تعلیم کے اداروں میں لیبز کو اپ گریڈکیا جائے گا۔