ماہ رمضان میں مارکیٹیں رات 12بجے تک کھولنے کی اجازت
03-15-2024
(لاہور نیوز ) لاہور ہائیکورٹ نے ماہ رمضان کے دوران مارکیٹیں رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی، عدالت نے مارکیٹیں رات 12 بجے تک جبکہ ہفتہ اور اتوار کو رات ایک بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے ریسٹورنٹس سے پارکنگ سے متعلق پلان طلب کرلیا، ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ریسٹورنٹس کی پارکنگ کم ہوتی ہے جبکہ ڈائننگ ہال بہت بڑے بڑے ہوتے ہیں۔ عدالت نے جوڈیشل کمیشن کے سٹاف کے ساتھ ریسٹورنٹ کے مالک کی بدتمیزی کا بھی نوٹس لے لیا، عدالت نے فوری طور پر مذکورہ ہوٹل مالک کی نشاندہی کرکے آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ یہ مائنڈ سیٹ بن چکا ہے، ہم تو بہتری کے لیے کام کررہے ہیں سب کو اس میں تعاون کرنا چاہیے۔ ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں صفائی کا کام شروع ہوچکا ہے، ٹولنٹن مارکیٹ میں صبح صبح مری مرغی کے ٹرک آتے ہیں، مری مرغی کا گوشت شوارمے میں استعمال ہوتا ہے، اس حوالے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو متحرک کردیا ہے۔