اسلامو فوبیا کی وجہ سے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا ہے: مریم نواز

03-15-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا کی وجہ سے مسلمانوں کے ساتھ ناروا اور امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں اسلامو فوبیا کی پر زور مذمت کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا ہی ہے کہ فلسطین اور کشمیر میں معصوم مسلمانوں کو ظلم و جبر کا شکار کیا جا رہا ہے، اسلام پر امن دین ہے اور مسلمان امن پر یقین رکھتے ہیں۔ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اسلام ہی وہ دین ہے جس نے بنیادی انسانی حقوق دیئے، اسلامو فوبیا کی روک تھام کے لیے اسلامی دنیا کے چہرے کو مثبت انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم ممالک کو آپس کی نااتفاقی ختم کر کے اتحاد کی علامت بننا چاہیے،اسلامی اقدار پر من و عن عمل اور ہمارا انفرادی طرز عمل اسلامو فوبیا کو مات دینے میں بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن پر ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم بردباری، تحمل اور اخلاق حسنہ کا دامن نہیں چھوڑیں گے،اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی تنظیموں کو اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے مزید کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔