ماہ صیام کا پہلا جمعہ، پنجاب پولیس کے سکیورٹی انتظامات مکمل

03-15-2024

(لاہور نیوز) ماہ صیام کے پہلے جمعہ کے موقع پر پنجاب پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر کی تمام  36 ہزار سے زائد مساجد، 2 ہزار 179 امام بارگاہوں اور 444 اقلیتی عبادت گاہوں کو بھرپورسکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات کی سکیورٹی پر 74 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضا کار تعینات ہیں، گزشتہ رمضان کے سکیورٹی ایس او پیز سے زیادہ بہتر سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حساس مساجد، امام بارگاہوں کی سکیورٹی پر 200 سے زائد واک تھرو گیٹس اور 12 ہزار سے زائد میٹل ڈیٹیکٹرز استعمال کئے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے  پولیس فورس کو ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں اور مذہبی مقامات کے اطراف سرچ آپریشنز اور پٹرولنگ بڑھا دی جائے، سحرو افطار اور تراویح کے اوقات میں ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ ٹیمیں مساجد، عبات گاہوں کے گرد مؤثر پٹرولنگ کریں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے سکیورٹی انتظامات اور سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے، آر پی اوز، ڈی پی اوز اپنے علاقے کی امن و مساجد کمیٹیوں کے ارکان اور منتظمین سے رابطے میں رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے تعاون سے رمضان المبارک کا پر امن انعقاد اور شر پسند عناصر کا محاسبہ یقینی بنا رہے ہیں، علماء کرام اور مشائخ  ممبر و محراب سے بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے، امن کا پرچار کریں۔