مریم نواز نے ایمرجنسی مریضوں کیلئے اپنا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت دیدی

03-15-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دور دراز علاقوں سے مریضوں کی ایمرجنسی منتقلی کے لئے اپنا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ایئرایمبولینس پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگ بروقت ہسپتال نہ پہنچنے کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں، سرگودھا ہسپتال میں ہارٹ اٹیک کے مریض کو بے بس دیکھ کر دلی دکھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقو ں میں حادثے کی صورت میں متاثرین کو بروقت ہسپتال پہنچانا ناگزیر ہے، موٹروے پر بھی ریسکیو 1122 سروس شروع کی جائے گی۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں بہت جلد ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز بھی کردیا جائے گا۔