مصالحوں کو بھی مہنگائی کا تڑکا، خشک مصالحہ جات عوام کی پہنچ سے دور

03-15-2024

(لاہور نیوز) مصالحوں کو بھی مہنگائی کا تڑکا لگ گیا، خشک مصالحہ جات عوام کی پہنچ سے دور ہو گئے۔

سبزیاں، دالیں یا مرغن پکوان بننے آسان نہ رہے، خشک مصالحہ جات ہر ہنڈیا کا لازمی جز لیکن مہنگائی نے اس بنیادی ضرورت کو بھی قوت خرید سے باہر کردیا۔  خشک مصالحہ جات میں گرم مصالحہ مکس 2000 روپے کلو پر جا پہنچا، سرخ مرچ 540 روپے کلو، خشک دھنیا پاؤڈر 570 روپے کلو جبکہ سبزالائچی 6ہزار  روپے فی کلو فروخت ہونے لگی۔ اسی طرح زیرہ 1800 روپے، کالی مرچ ساڑھے 1600 روپے، دارچینی 900 روپے ،بڑی الائچی 6 ہزار 400روپے، لونگ ساڑھے 3 ہزار روپے ، اجوائن 380 روپے، تیز پتہ 650 روپے اور ہلدی 890 روپے کلو تک بک رہی۔ اکبری منڈی میں موجود خریداروں کا کہنا تھا کہ ابھی یہ ہول سیل مارکیٹ ہے اور یہاں قیمتیں آسمان پر ہیں، گھر کی ضرورت کیلئے چند مصالحے خریدے ہیں اور 10ہزار روپے بل بن گیا ہے، یہی سامان پہلے 3 سے 4 ہزار روپے میں مل جاتا تھا، اب مسلسل مہنگا ہوکر10 ہزار تک پہنچ گیا ہے۔