الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے انعقاد تک ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی لگا دی
03-15-2024
(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات کے انعقاد تک ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی عائد کر دی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق ضمنی انتخابات کے انعقاد تک تمام متعلقہ اضلاع میں ٹرانسفر پوسٹنگ پر مکمل طور پر پابندی ہو گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ضمنی انتخابات تک کوئی سرکاری عہدیدار یا منتخب نمائندہ کسی ترقیاتی منصوبے کا اعلان نہیں کرے گا، 21 اپریل تک ٹرانسفر پوسٹنگ اور ترقیاتی سکیموں کا اعلان بھی نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 21 اپریل کو لاہور کے چار سمیت پنجاب کے 12 حلقوں میں ضمنی الیکشن ہو گا، لاہور میں پی پی 147 ، پی پی 149، پی پی 158 اور پی پی 164 میں ضمنی انتخابات کیلئے میدان سجے گا۔ 2 نشستیں شہباز شریف ، ایک نشست عبدالعلیم خان اور ایک نشست حمزہ شہباز کے ایم این اے کی سیٹ رکھنے سے خالی ہوئی، این اے 119 کی نشست مریم نواز کی طرف سے خالی کی گئی، قصور کی نشست شہباز شریف نے چھوڑی ہے۔ علاوہ ازیں شیخوپورہ، تلہ گنگ، گجرات، وزیر آباد، نارووال میں بھی پنجاب اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی الیکشن کا انعقاد ہو گا، بھکر، رحیم یار خان، ڈی جی خان کے حلقوں میں بھی ضمنی انتخابات کیلئے میدان لگے گا۔