کونسی عام عادات گردوں کے مرض کا شکار بنا دیتی ہیں؟ماہرین نے سب بتا دیا

03-14-2024

(ویب ڈیسک)ماہرین نے گردوں کے مرض کا شکار بنانے والی عادات سے متعلق تحقیق جاری کردی۔

ماہرین کا جاری کردہ تحقیق میں کہنا ہے کہ زیادہ تر پراسیس غذاؤں میں نمک کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو نہ صرف دل کے لیے نقصان دہ ہوتی ہے بلکہ اس سے گردوں کے مسائل کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔جب ہم زیادہ نمک کا استعمال کرتے ہیں تو جسم پیشاب کے ذریعے اسے خارج کرنے کی کوشش کرتا ہے مگر نمک کے ساتھ ساتھ کیلشیم بھی زیادہ مقدار میں خارج ہوتا ہے،یعنی پیشاب میں کیلشیم کی مقدار بڑھ جاتی ہے جس سے گردوں میں پتھری کا خطرہ بڑھتا ہے۔ اسی طرح ہائی بلڈپریشر سے جسم کے دیگر حصوں کے ساتھ ساتھ گردوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے،گردوں میں خون کی شریانوں کی تعداد کافی زیادہ ہوتی ہے اور بلڈ پریشر میں اضافے سے شریانوں کو نقصان پہنچتا ہے جس سے گردوں کے افعال متاثر ہوتے ہیں،شریانوں کی صحت متاثر ہونے سے براہ راست گردوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ ماہرین کامزید کہناہے کہ تمباکو نوشی سے صرف کینسر کا خطرہ ہی نہیں بڑھتا بلکہ گردوں کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے،ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ تمباکو نوشی سے گردوں کے کینسر کا خطرہ 40 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ تمباکو نوشی سے خون کی شریانوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے جس سے بلڈ پریشر میں اضافہ ہوتا ہے اور بلڈ پریشر کے اثرات کا اوپر ذکر ہوچکا ہے۔