نوٹوں کی غلط پرنٹنگ کے حوالے سے سٹیٹ بینک کی وضاحت سامنے آ گئی

03-14-2024

(لاہورنیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے نوٹوں کی غلط پرنٹنگ کے حوالے سے وضاحت سامنے آ گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے پاس غلط پرنٹ شدہ بینک نوٹ الگ کرنے کا مضبوط نظام موجود ہے، بڑے پیمانے کی پروڈکشن کے عمل میں ایسے نقائص کا خدشہ رہتا ہے، تمام کوالٹی چیکس کے باوجود غلط پرنٹ شدہ نوٹوں میں سے چند نوٹ بینکوں یا عوام تک پہنچنے کا امکان ہوتا ہے۔ مرکزی بینک نے مزید کہا ہے کہ نیشنل بینک ماڈل کالونی برانچ کو فراہم کیے گئے نوٹوں میں سے صرف 10 غلط شائع شدہ نوٹ سامنے آئے ہیں، ملک میں پرنٹ ہونے والے اور زیر گردش نوٹوں کی مجموعی تعداد کے لحاظ سے یہ مقدار انتہائی معمولی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے وضاحتی بیان میں مزید کہا گیا کہ مستقبل میں اس قسم کے واقعے سے بچنے کیلئے اندرونی کنٹرولز کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، غلط پرنٹ شدہ نوٹوں کی جگہ درست نوٹ ایس بی پی بی ایس سی کے کاؤنٹرز سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل سٹیٹ بینک کی جانب سے نیشنل بینک کو ایک ہزار روپے کے ادھوری پرنٹنگ والے کرنسی نوٹ بھیج دیے گئے جس کی ویڈیو میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، نوٹوں کی ایک سائیڈ پرنٹ اور دوسری سائیڈ خالی تھی۔