پی ایس ایل 9 کوالیفائر: پشاور زلمی کا ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 147 رنز کا ہدف

03-14-2024

(لاہورنیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 9 ویں سیزن کے پہلے کوالیفائر میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 147 رنز کا ہدف دے دیا۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونیوالے ٹورنامنٹ کے پہلے کوالیفائر میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے سلطانز  کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم 46 رنز بناکر نمایاں رہے، کیڈمور نے 24، محمد حارث نے 22، صائم ایوب ایک، حسیب اللہ 3، رومین پاؤل 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے کرس جارڈن اور اسامہ میر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، یوڈ ولی، محمد علی اور عباس آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ  پی ایس ایل کے سیزن 9 میں ملتان سلطانز 10 میچز کھیل کر 7 میں کامیاب ہوئی اور 14 پوائنٹس کیساتھ ٹاپ پر ہے، پشاور زلمی نے 6 میچز جیتے اور ایک  میچ بارش سے متاثر ہونے پر 13 پوائنٹس حاصل کیے، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 11، 11 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والے پہلے پلے آف مرحلے کے مقابلے میں جیتنے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو کل اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم کے ساتھ کھیلنے کا ایک اور موقع ملے گا۔